لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں آن لائن اسلحہ لائسنس کے اجراء کیلئے محکمہ داخلہ اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے درمیان"دی پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ سسٹم" کامعاہدہ ہوگیا، پنجاب میں آن لائن اسلحہ لائسنس ملے گا،اقدام سے اسلحہ لائسنس کے اجراء میں کرپشن کا مستقل خاتمہ ہو گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے "دی پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ سسٹم" پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کردیا، آن لائن سسٹم کے تحت پنجاب بھر میں اسلحہ لائسنس کی تجدید اور ترمیم کرائی جاسکے گی۔
نئے سسٹم کے تحت اسلحہ لائسنس کی ورثا کو منتقلی بھی آن لائن کی جائے گی،نئے سسٹم کے تحت اسلحہ لائسنس درخواست دہندہ کے گھر ڈلیور کیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا افتتاح کے موقع پر کہنا تھا کہ سسٹم کے نفاذ سے لائسنس کے اجراء میں کرپشن کا مکمل سدباب ممکن ہوگا،وزیراعلیٰ نے "دی پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ سسٹم"کے اجراء پر سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (جوڈیشل)ڈیپارٹمنٹ فروا عامر کی خدمات کو سراہا۔
محسن نقوی نے خود کار سسٹم کے تحت اسلحہ لائسنس کے اجراء کو قابل تحسین قرار دیا، معاہدہ پرسیکرٹری داخلہ حکومت پنجاب اور ڈی جی نادرا نے دستخط کئے۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ،ڈائریکٹر جنرل نادراسہیل جہانگیر، ڈائریکٹرآرمزنادرا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔