ڈی آئی خان: رات گئے دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 10 پولیس اہلکار شہید

Published On 05 February,2024 08:27 am

ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل درابن کے تھانے پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے پر چاروں اطراف سے حملہ کیا گیا، اس دوران دستی بم پھینکے گئے اور شدید فائرنگ کی گئی جس کے بعد پولیس نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی تاہم دہشتگرد رات کے اندھیرے میں فرار ہوگئے۔

حملے میں زخمی ہونے والوں  کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعظم، زرداری، شہباز سمیت دیگر کی تھانے پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں محمد اسلم، غلام فرید، محمد جاوید، محمد ادریس، محمد عمران، صفدر، اے ایس آئی کوثر، احترام سید، رفیع اللہ اور حمید الحق شامل ہیں۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ
نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں، شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمی ہونے والے جوانوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

جسٹس (ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کیلئے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ 12دسمبر 2023 کو دہشتگردوں نے ڈی آئی خان میں تھانہ درابن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرا دی تھی، فائرنگ سے 16 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔