لوئر دیر: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں خلافت راشدہ کا نظام چاہتے ہیں، ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم حکومت اور ریاست پیغمبر اسلامؐ کے طریقے سے چلانا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لوئر دیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کشمیر، فلسطین کی آزادی اور عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، گزشتہ 5 برسوں سے دیر کا نام قومی اسمبلی میں نہیں سنا گیا، یہاں کی ترقی روک دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آج وہی لوگ پھر سے عوام کے درمیان آکر ووٹ مانگ رہے ہیں، پہلے عوام ان لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں، بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔
سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ 5 برس قومی اسمبلی میں گونگے اور بہرے بیٹھے تھے، ایک وقت ایسا تھا کہ قومی اسمبلی میں بات ہوتی تھی تو دیر کیلئے بھی بات ہوتی تھی، گزشتہ 5 برس میں دیر میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے، صرف اپنی جیبیں بھری گئیں۔