لاہور(دنیا نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ قومی و آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ لاہور پنجاب کا سب سے بڑا ضلع ہے، ہم نے تمام انتظامات کیے ہوئے ہیں، شکایات کے ازالہ کیلئے شکایت سینٹرز بھی قائم کردیئے ہیں، پریذائیڈنگ افسران اور آراوز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہدایات جاری کی ہیں فارم 45 پریذائیڈنگ افسران بہت احتیاط سے تیار کریں، اگر غفلت ہوئی تو پریذائیڈنگ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی، سیاسی جماعتیں، امیدوارالیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں، خلاف ورزی پر سیاسی جماعت اور امیدواروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اعجاز انور چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹر زسے بھی اپیل ہے کہ جمہوریت میں اپنا حق رائے دہی مرضی کے مطابق استعمال کریں۔