اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نگران حکومت کو ایف بی آر کی تنظیم نو سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایف بی آر افسر کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف بی آر کی تنظیم نو نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے، نگران حکومت کو ایف بی آر کی تنظیم نو سے روکا جائے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن ایکٹ2017 کے تحت الیکشن کمیشن نے روکا اس کے باوجود کمیٹی بنادی گئی، عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کےبعد ایف بی آر کی تنظیم نو کیلئے قائم کمیٹی کا 2 فروری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری ٹو وزیراعظم کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں حکومت کو ایف بی آر کی تنظیم نو سے بھی روک دیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ایف بی آر کی تنظیم نو ایک بڑا فیصلہ ہے اور نگران حکومت کو شق230کے تحت بڑے پالیسی فیصلوں کا اختیار نہیں، ایف بی آر کی تنظیم نو کو آئندہ حکومت تک زیر التوا رکھا جائے۔