اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ گزشتہ 2 روز سے بند ہونے کی وجہ سے وکلا اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر آن لائن کازلسٹ اور کیسز کی تفصیلات اپلوڈ ہوتی ہیں تاہم گزشتہ 2 روز سے ہائیکورٹ کی ویب سائٹ بند ہے۔
ویب سائٹ پر کیسز کے مختصر اور تفصیلی فیصلوں سے آگاہی ملتی ہے اور دائر درخواستوں پر اعتراضات اور مقرر ہونے کی تفصیل موجود ہوتی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ بند ہونے کے باعث دور سے آنے والے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سائلین اور وکلا کو کیسز کے بارے میں معلومات نہیں مل پا رہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی رجسٹرار آفس نے ویب سائٹ کی بندش کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرور کی مینٹیننس پر کام جاری ہے، گزشتہ روز سرور کی مینٹیننس شروع کی گئی، آج سرور کا کام مکمل ہونے پر ویب سائٹ کھل جائے گی۔