شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی

Published On 19 February,2024 09:26 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ جنوب مغرب کی سمت سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج شام اور رات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ خنک رات محسوس کی جائے گی۔

دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث فضائی معیار بہتر ہو گیا، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 15 ویں نمبر پر موجود ہے۔