اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی زندگی کو دوران قید لاحق سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بشریٰ بی بی کو مرضی کیخلاف بنی گالہ میں قید رکھنے اور غیرمعیاری، زہریلا کھانا دیئے جانے کی مذمت کی گئی، بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ سمیت تمام پابند سلاسل قائدین اور کارکنوں سے قانون کے مطابق برتاؤ کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں برگیڈئر (ر) اسلم گھمن اور احمر رشید بھٹی سمیت کامیاب امیدواروں کو ڈرانے دھمکانے کی شدید مذمت کی گئی، پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو فی الفور ہٹا کر ان کے کڑے محاسبے کا مطالبہ کیا گیا۔
کورکمیٹی میں مجلسِ وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل سے سیاسی اشتراک عمل کی مکمل تائید و توثیق، کمشنر راولپنڈی کے اعتراف جرم کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے عدالتی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق 8 فروری کے انتخابات میں تحریک انصاف وفاق پاکستان کی زنجیر کے طور پر ابھری ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے وفاق کو کمزور کرنے کا باعث بنیں گے۔