ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد کو کینیڈا کی اعلیٰ عدالت کا جج تعینات کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد چودھری کو کینیڈا کی اونٹاریو کورٹ آف جسٹس میں جج تعینات کیا گیا ہے وہ اس قانونی عہدے پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی ہیں، شاہد چودھری کینیڈین شہر وِٹ بی کی ڈپٹی میئر ملیحہ شاہد کے شوہر بھی ہیں۔
جسٹس آف پیس کا عہدہ سنبھالنے والے شاہد چودھری 25 سال پہلے کینیڈا منتقل ہوئے تھے جبکہ ان کا تعلق پنجاب کے شہر بورے والا سے ہے، جسٹس شاہد نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
جسٹس شاہد چودھری نے کینیڈا کے اوسگوڈ ہال لاء سکول سے پوسٹ گریجوایٹ سرٹیفکیٹ مکمل کیا، وہ اونٹاریو کی کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے کونسل، مختلف کمیٹیوں کے رکن اور 2011ء میں کینیڈین امیگریشن اور سٹیزن شپ کنسلٹنٹ بھی رہے ہیں۔