قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں نومنتخب ممبران کیلئے فیسیلی ٹیشن سینٹر قائم

Published On 21 February,2024 04:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں نو منتخب معزز ممبران قومی اسمبلی کے لئے فیسیلی ٹیشن سینٹر قائم کر دیا گیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں نو منتخب معزز ممبران کی سہولت کے لئے کمیٹی روم نمبر 2 میں فیسیلی ٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، فیسیلی ٹیشن سینٹر میں نو منتخب معزز ممبران کی رجسٹریشن کے علاوہ کارڈز اور دیگر ضروری دستاویزات کے لئے فوٹو بنائے جائیں گے۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ فیسیلی ٹیشن سینٹر 22 فروری سے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس تک صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک نو منتخب معزز ممبران قومی اسمبلی کی رجسٹریشن کیلئے خدمات سر انجام دیتا رہے گا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق نو منتخب معزز ممبران سے درخواست ہے کہ وہ رجسٹریشن کے سلسلے میں کسی دشواری سے بچنے کیلئے 22 فروری سے اپنی رجسٹریشن کیلئے تشریف لائیں، نومنتخب معزز ممبران قومی اسمبلی رجسٹریشن کے لئے اپنے قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں۔