اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پشتون مہمان نواز اور حریت پسند نڈر قوم ہیں، ملک کیلئے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
راجہ پرویز اشرف نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پشتون قوم کی روایات قابل فخر ہیں، ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتی ہے، پاکستان مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، پشتون قوم بہادر، ملنسار، مہمان نواز اور حریت پسند قوم ہے، ملک کا ثقافتی تنوع ہماری معاشرتی خوبصورتی اور پہچان ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا پشتون کلچر پاکستان کے تقافتی گلدستے کے ایک خوبصورت پھول کی حیثیت رکھتا ہے، پشتون ایک نڈر قوم ہے، ملک کی خاطر پشتونوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان میں بسنے والی قوموں کی تہذیب و تمدن کو دنیا بھر میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، پشتون ثقافت میں محبت، احترام، ہم آہنگی اور رواداری کا درس ملتا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، قومی سطح پر ثقافتوں کو اجاگر کرکے ہی قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔