سندھ اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہو گا، نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے

Published On 24 February,2024 01:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہو گا، 8 فروری کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں نو منتخب ایوان کے پہلے اجلاس کی صدارت سپیکر آغا سراج درانی کریں گے، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہو گا، ارکان کی حلف برداری کے بعد سپیکر کی جانب سے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

مخصوص نشستوں کا کوٹہ ملنے اور چار آزاد امیدواروں کے شامل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، ایم کیوایم کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اس کے ارکان کی تعداد 36 تک پہنچ گئی، ایوان میں جی ڈی اے کی 3 سیٹیں ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خواتین کی دو اور اقلیتوں کی ایک مخصوص سیٹ پر نوٹیفکیشن روک لیا، سندھ اسمبلی میں تیسرا بڑا گروپ ان اراکین پر مشتمل ہے جنہوں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست دی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جی ڈی اے، جماعت اسلامی، جے یو آئی کا سندھ اسمبلی میں حلف نہ اٹھانے کا اعلان

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا، مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کیا گیا ہے، اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی کے امیدوار اور اقلیتی رکن نوید انتھونی ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہوں گے۔