کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مشکل ترین حالات میں الیکشن کے پرامن انعقاد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بلوچستان کے تمام محکموں کے سیکرٹریز اور آئی جی بلوچستان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے مینڈیٹ کے ساتھ ساتھ روز مرہ سرکاری معاملات اور امور کی انجام دہی کیلئے جو ذمہ داری سونپی گئی اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری تندہی سے کام کیا گیا۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل اور حالات دیگر صوبوں سے بالکل مختلف ہیں جس کا موازنہ کسی بھی طرح ملک کے دیگر صوبوں سے نہیں کیا جا سکتا، بلوچستان کے تمام تر غیر معمولی حالات میں نگراں صوبائی حکومت نے جہاں ایک طرف پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا وہاں ہر فورم پر بلوچستان کے حقوق کا دفاع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج، سیلاب متاثرہ اضلاع میں بحالی منصوبوں، ذرائع مواصلات سمیت زیر التواء عوامی نوعیت کے اجتماعی منصوبوں کو مختصر مدت میں مکمل کیا، ہم نے کوشش کی جس حد تک ممکن ہو سروس ڈلیوری کے نظام کو بہتر بنا کر عوام کو ریلیف دیا جائے، بلوچستان سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے اس لئے صوبے کیلئے ہم سب نے سوچنا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا دور افتادہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی آبادی تک صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر بحالی امن کا قیام کسی چیلنج سے کم نہیں تھا، اس تمام ترعمل میں محنتی افسران کا تعاون حاصل رہا، ہمیں اپنی سمت کا تعین ازسر نو کرنا ہوگا اب وقت آگیا کہ ہم غلط کو غلط اور درست کو درست کہنے کی جرأت پیدا کریں۔