کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ سپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھا کر فرائض سنبھال لئے۔
سپیکر کے انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کی صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کئے۔
انتھونی نوید 111 ووٹ لیکر ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، ایم کیو ایم کے راشد خان نے 36 ووٹ حاصل کئے۔
اویس قادر شاہ حلف اٹھانے کیلئے کھڑے ہوئے تو ایوان میں ’بھٹو زندہ باد‘ کے نعرے گونجنے لگے، اس کے بعد انہوں نے سندھی زبان میں حلف اٹھایا، سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اویس قادر شاہ سے حلف لیا۔
ایم کیو ایم کی امیدوار سپیکر صوفیہ سعید شاہ نے اویس قادر شاہ کو سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر کیلئے سید اویس شاہ اور ایم کیو ایم کی جانب سے سپیکر کیلئے صوفیہ سعید شاہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے پر سندھ کے عوام کا شکر گزار ہوں: اویس قادر
نومنتخب سپیکر نے حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے پر سندھ کے عوام کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عہدے کیلئے نامزد کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری، فریال تالپور کا شکر گزار ہوں، سکھر سے پہلی بار سندھ اسمبلی کا سپیکر بنا ہے، سندھ اسمبلی نے پاکستان کی قرار داد پاس کی۔
سید اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ غیرجانبدار رہ کر عہدے پر کام کروں گا، تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا، ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر نئی شروعات کریں۔
مزید 10 ارکان نے حلف اٹھا لیا
قبل ازیں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔
پینل آف چیئر کا اعلان
جانے والے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پینل آف چیئر کا اعلان کر دیا۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی شامل ہیں۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر سپیکر اور ڈپٹی کی اسپیکر کی غیر موجودگی میں ایوان کی کارروائی چلائے گا۔
ایوان کو اچھے طریقے سے چلانے کی کوشش کریں گے: مراد علی شاہ
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی کا حلف اٹھانے والوں کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لئے ہم سب بہتر کردار ادا کریں گے، کوشش کریں گے کہ ایوان کو اچھے طریقے سے چلائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے، انتخابی مہم کے دوران ہمارے 12 کارکنان شہید ہوئے، آنے والی حکومتوں کیلئے دہشت گردوں سے مقابلہ بڑا چیلنج ہوگا۔