کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب آج ہو گیا، پیپلز پارٹی کی سندھ اسمبلی میں واضح اکثریت ہونے کی وجہ سے مراد علی شاہ تیسری بار وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے قائد ایوان وزیر اعلیٰ کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا، پیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی غلام قادر چانڈیو، صالح شاہ اور نعیم کھرل نے جمع کرائے، ان کے مقابلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے علی خورشیدی کے بھی کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ سپیکر، انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی منتخب
دوسری جانب مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آغا سراج درانی دس سال سپیکر سندھ اسمبلی رہے، پچھلے پانچ سال نہ صرف اس اسمبلی کیلئے بلکہ ملک کیلئے بھی کٹھن تھے، آغا سراج درانی کو جیل میں ڈالا گیا لیکن انہوں نے اپنے فرائض سرانجام دیئے، آغا سراج درانی کے والد بھی سپیکر تھے یہ خود بھی سپیکر بنے۔
نامزد وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ذاتی مفاد کیلئے پیپلز پارٹی جمہوریت کو کبھی نقصان نہیں پہنچائے گی، ہمیں یقین ہے نومنتخب سپیکر سینئرز سے بھی سیکھیں گے، انتھونی بھی جیالے ہیں، امید ہے اچھا کردار ادا کریں گے، پاکستان بنانے والی یہ اسمبلی ہے، سب کو پتہ ہونا چاہیے کہ سندھ پاکستان ہے۔