لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کسی کی ذاتی انا اور ضد کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے۔
پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ایوان صدر کو ایک مرتبہ پھر جمہوریت کش اقدامات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر عملدرآمد کے پابند ہیں، آئین کا آرٹیکل 91 انہیں مقررہ وقت کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا پابند کرتا ہے۔
علی حیدر گیلانی نے مزید کہا کہ عارف علوی اپنی مدت ختم ہونے کے باوجود ایوان صدر میں براجمان ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں لیت و لعل سے کام لینے والے کسی اور کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔
پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عارف علوی کے کمنٹس ان کی جانبداری ظاہر کرتے ہیں، ایوان صدر کے تقدس کا خیال رکھیں۔