آئی ایم ایف کو خط لکھ کر شفاف الیکشن کا وعدہ یاد کرایا ہے: گوہر علی خان، عمر ایوب

Published On 28 February,2024 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر شفاف الیکشن کا وعدہ یاد کرایا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما گوہر علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہوتے ہوئے عوام نے ان کو منتخب کیا، ہم حقیقی جمہوریت کے لئے کوشش کر رہے ہیں، جو لوگ کرسیوں کی طرف بھاگ رہے ہیں ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے۔

گوہر علی خان نے مزید کہا کہ اگر آپ عوام کے منتخب کردہ نہیں تو ملک کو آگے لے جانے کا ویژن آپ کے پاس نہیں ہے، پی ٹی آئی کا مشن ہے کہ پاکستان کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہے، ہم اب حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاکستان کو سیاسی، معاشی چیلنچز درپیش ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف پروگرام کے لئے رکاوٹ بنی ہے اور نہ بنے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ جب بات ہوئی تھی اس میں ایک شرط تھی کہ شفاف الیکشن ہوں گے، الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، شاہ خرچیاں نگران اور پی ڈی ایم حکومت کرے اور اس کا خمیازہ عوام بھگتے؟

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ٹو جیسا کسی قسم کا ریفارم پراسس نہیں کرسکتے، یہ لوگ پیسوں کا صیح استعمال نہیں کرسکتے، فافن جنرل الیکشن کا آڈٹ کریں اور حقائق سامنے لائیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے جو قرضہ لیا جائے وہ ریفارمز میں استعمال ہو نہ کہ شاہ خرچیوں میں استعمال کیا جائے۔