اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے اتحادی جماعتوں کی قیادت اور نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
نامزد صدر آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عشائیہ میں شرکت کی، ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پارٹی ارکان کے وفد کے ہمراہ عشائیہ میں شرکت کی۔
بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور بی اے پی کے سربراہ ڈاکٹر خالد مگسی نے عشائیہ میں نمائندگی کی، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چودھری سالک حسین عشائیہ میں شریک ہوئے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبد العلیم خان نے بھی پارٹی رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ شرکت کی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، آئی پی پی اور مسلم لیگ (ق) کے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی بھی عشائیہ میں شریک تھے۔
شہبازشریف نے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دی، نومنتخب ارکان قومی اسمبلی نے شہبازشریف کو وزیراعظم نامزدگی پر مبارک دی، ارکان اسمبلی نے آصف علی زرداری کو صدر کے منصب پر نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔