گوادر: (دنیا نیوز) شدید بارش کی وجہ سے ایک روز بند رکھنے کے بعد گوادر ایئرپورٹ کو فلائٹ آپریشن کیلئے بحال کر دیا گیا ہے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کی وجہ سے گوادر میں منگل کے روز تقریباً 15 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے باعث پورا شہر پانی میں ڈوب گیا تھا، نکاسی آب کا بہتر نظام نہ ہونے کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہو گئے تھے۔
مسلسل تیز بارش نے بجلی کی ترسیل میں بھی شدید خلل پیدا کیا، بارش کی وجہ سے گوادر ایئرپورٹ کے ایپرن اور دیگر حصوں میں 6 انچ تک پانی جمع ہونے سے فلائٹ آپریشن کو مکمل طور پر بند کر کے صورتحال سے باقی تمام ایئرلائنز کو آگاہ کر دیا تھا۔
گوادر انتظامیہ نے بارش رکنے کے بعد نکاسی آب کا کام مکمل کر لیا تاہم کچھ علاقوں میں ابھی بھی پانی موجود ہے، صورتحال بہتر ہونے کے بعد گوادر ایئر پورٹ کو فلائٹ آپریشن کیلئے بحال کر دیا گیا جس کا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس جاری کر دیا ہے۔