سیہون: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ ملک میں استحکام لانے کیلئے پیپلزپارٹی نے نواز لیگ سے ہاتھ ملایا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلندر کے عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنے آیا ہوں، دعا مانگی ہے کہ اس ملک کو اللہ تعالیٰ اپنے حفظ و امان میں رکھے، حکمرانوں کو طاقت دے کہ مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے وزیراعلیٰ منتخب ہوچکے ہیں، دو دن بعد وزیراعظم بھی حلف اٹھائیں گے، نیک عزائم میں سب کو اللہ پاک کامیاب کرے، صدر کے انتخاب کیلئے چاروں صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی ووٹ دے گی۔
350 ووٹ جس کو ملیں گے وہ صدر منتخب ہوجائے گا، ہمارے پاس عددی اکثریت ہے، صدر آصف علی زرداری منتخب ہوجائیں گے، آصف زرداری کے پاس سب کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت ہے، ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، متحدہ اور سنی اتحاد کونسل سے بھی درخواست کی تھی کہ ہماری حمایت کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بھی صدر کے ووٹ کیلئے بات کریں گے، ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے پلان بناچکے ہیں، رمضان میں عوام کو ریلیف دیں گے، ہم کچھ وقت چھٹی پر گئے تھے اب چھٹی ختم ہوگئی، ہم واپس آگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلی ترجیح امن و امان ہے، بلاول بھٹو نے خاص ہدایت دی ہے کہ سیلاب متاثرین کو ریلیف دلائیں، نواز لیگ سے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بات کی ہے، صاف پینے کا پانی ہر شہری کو میسر کریں گے، سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کو اللہ تعالیٰ ہدایت دے کہ وہ پاکستان کیلئے کام کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے شدید غلطیاں کیں، وہ اپنی غلطیوں سے کچھ سیکھیں، امن امان کی صورتحال خراب ہے، ہماری ترجیح ہے امن کو بحال کرائیں، سندھ کی زمینوں سے متعلق قانون کے مطابق فیصلے کریں گے، ملک میں استحکام لانے کیلئے پیپلزپارٹی نے نواز لیگ سے ہاتھ ملایا ہے، ہم سب سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نواز لیگ ہمارے پاس آئی، ہم نے انکی مدد کی، ملک کو سنبھالنے کی کوشش کی ہے، بانی پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کو نظرانداز کیا۔