اسلام آباد ہائیکورٹ: بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی درخواست نمٹا دی گئی

Published On 05 March,2024 12:35 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر فیصل جاوید خان کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے فیصل جاوید کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار وکیل شیراز احمد رانجھا عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عدالتی احکامات پر ڈپٹی اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے درخواست گزار کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء اور سیاسی معاونین کی فہرست 26 فروری کے حکم نامے کیساتھ منسلک کرکے جیل انتظامیہ کے سامنے رکھیں، اگر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کرتے تو ان پر 25 ہزار روپے فی درخواست جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ26 فروری کو اس عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ملاقات کرانے کے احکامات دیئے تھے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے مسلسل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کیخلاف 26 فروری کے احکامات نہ ماننے پر توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصل جاوید خان کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔