پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر منتخب ارکان کو حلف اٹھانے سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابر اعوان اور قاضی انور عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کے وکلاء بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کو حلف اٹھانے سے روکنے کے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کر دی۔