کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11بجے طلب کرلیا گیا۔
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے اسمبلی کا طلب کیا، اجلاس سے متعلق اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، اجلاس کے دوران نومنتخب اراکین اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے،اجلاس اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے والے اراکین کے لئے طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب9 مارچ کو بلوچستان اسمبلی ہال میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک صدارتی انتخاب کے لئے اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس سے متعلق متعلقہ محکموں کو بھی مراسلے جاری کردیئے گئے۔
بلوچستان اسمبلی کے 65 ارکان کے ایوان میں اب تک 58 اراکین اسمبلی حلف اٹھا چکے ہیں ، سردار اختر جان مینگل اور جام کمال خان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کے باعث دو نشستیں خالی ہوگئیں۔
کل ہونے والے اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی سردار صالح بھوتانی ، نور محمد دمڑ، محمد خان لہڑی، ظفر زہری اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے حلف اٹھانے کا امکان ہے۔
واضح رہے نومنتخب اراکین اسمبلی کی جانب سے حلف اٹھانے کی صورت میں 65 کے ایوان میں اراکین کی تعداد 63 ہو جائے گی، بلوچستان اسمبلی کی دو خالی نشستوں پر دوبارہ ضمنی انتخابات ہوں گے۔