اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں علی امین گنڈاپور کے وکیل نے اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جو عدالت نے منظور کر لی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا لیکن علی امین کو نوٹس موصول نہیں ہوئے تھے۔
سیشن عدالت نے درخواست گزار کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے اور ایک مقامی ضامن دینے کا حکم دیا۔
بعدازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے کر کیس ٹرائل کورٹ کو واپس بھجواتے ہوئے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کر دی۔