اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، تمام اتحادی مل کر ملکی معاشی مسائل کا حل نکالیں گے، آصف علی زرداری ہمارے صدارتی امیدوار ہیں، دو سے تین دن میں صدر منتخب ہو جائیں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے منتخب ارکان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں عشائیہ دیا، عشایئے میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان و قائدین، سینیٹرز اور منتخب ارکان نے شرکت کی۔
عشایئے میں صدر کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، عبدالحفیظ شیخ اور آئی پی پی رہنما عون چودھری نے بھی شرکت کی۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور دیگر لیگی ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ ڈاکٹر طارق فضل چودھری، خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق بھی عشایئے میں شریک ہوئے۔
عشائیے میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، سینیٹر رضا ربانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مصطفی شاہ بھی شریک ہوئے۔
عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آصف علی زرداری کو ووٹ دینا ہے، ہم نے مل جل کر ملک کی تقدیر بدلنی ہے، ملکی معیشت مشکلات کا شکار، سب مل کر اپنا اپنا حصہ ڈالیں گے تو بحران ختم ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالفقار بھٹو کو سرکاری شہید اور قومی ہیرو قرار دینے کی قرارداد منظور
وزیر اعظم نے کہا کہ اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ چیلنجز بہت بڑے ہیں، ہمیں ٹیکس دائرہ کار اور محاصل کو بڑھانا ہے، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کا بوجھ عوام پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اعشاریہ 7 ٹریلین محاصل کے مقدمات عدالتوں میں زیرالتوا ہیں، انشاء اللہ 9 مارچ کو آصف علی زرداری صدر پاکستان منتخب ہوجائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی عکاسی صدارتی الیکشن میں ہوگی، ملک اورقوم کی تقدیرمل کرتبدیل کریں گے۔
آئن سٹائن چیلنجز سے نہیں ڈرا تو شہباز شریف بھی نہیں ڈرے گا: آصف زرداری
عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مشکلات بہت ہیں لیکن ناممکن کچھ نہیں، ملکی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، بھٹو ریفرنس کیس میں تاریخ نے رُخ بدلا، ہم پاکستان کو ایسے مقام پر لے کر جائیں گے جہاں پر سب کو فخر ہو۔
سابق صدر نے کہا کہ آئن سٹائن مشکل چیلنجز سے نہیں ڈرا تو شہباز شریف بھی مشکل چیلنجز سے نہیں ڈرے گا، ہم شہباز شریف کے پیچھے کھڑے ہوں گے، جہاں ضرورت پڑی اپنا زور بازو بھی دیں گے، زراعت بنیادی مسئلہ ہے اسے ٹھیک کریں اور ڈیمز بنائیں۔
آصف زرداری دوسری بار منتخب ہونیوالے پہلے سویلین صدر ہوں گے: بلاول بھٹو
عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنے اختیارات پارلیمان کو دلوائے تھے، اگر آصف زرداری کامیاب ہوتے ہیں تو یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے سویلین صدر ہوں گے جو دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کی سپورٹ کرنے والی تمام جماعتوں کا شکر گزار ہوں، آصف زرداری سے کہا اس بار آپ ایسے صدر ہوں گے جیسے کوئین آف انگلینڈ، بلاول بھٹو کی بات پر سب مسکرا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے آصف زرداری بطور صدر مملکت وفاق کو مضبوط کریں گے، ہم سب کو مل کر ملک کے مسائل کو حل کرنا ہے، اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔