وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے

Published On 08 March,2024 09:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے۔

مظفر آباد پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے ہیلی پیڈ پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری انوار الحق ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم سے شمالی علاقوں کے بارشوں اور برفباری سے متاثرہ افراد بھی ملیں گے، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف متاثرہ افراد میں امدادی چیکس تقسیم کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منتخب ارکان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں عشائیہ دیا، جس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان و قائدین، سینیٹرز اور منتخب ارکان نے شرکت کی۔

عشایئے میں صدر کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، عبدالحفیظ شیخ اور آئی پی پی رہنما عون چودھری بھی شریک ہوئے۔

Advertisement