سنی اتحاد کونسل کا سندھ میں مخصوص نشستیں نہ ملنے کا اقدام چیلنج

Published On 08 March,2024 11:22 am

کراچی : (دنیانیوز) سندھ ہائی کورٹ میں سنی اتحاد کونسل نے سندھ میں مخصوص نشستیں نہ ملنے کےحوالے سے درخواست دائرکردی جس کو سماعت کیلئے منظور کرلیاگیا۔

آئینی درخواست بیرسٹر علی طاہرکےتوسط سےسندھ ہائی کورٹ میں دائرکی گئی جسٹس ذوالفقار احمد کی جانب سےفوری سماعت کی استدعا منظور کرلی گئی ، درخواست پرسماعت آج ہی کی جائیگی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے باوجود آزاد امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کی ، آزاد امیدواروں نے قانونی طریقے سے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیارکی ، سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی اقلیت کی ایک اور خواتین کی 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں، الیکشن کمیشن پاکستان کا فیصلہ غیر آئینی و غیرقانونی قراردیا جائے۔

واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر دیگر صوبوں میں بھی ہائی کورٹس سے رجوع کر رکھا ہے۔

 گزشتہ روز چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے پنجاب میں مخصوص نشستیں نہ ملنے کا اقدام لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

 گزشتہ روز ہی پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر منتخب ارکان کو حلف اٹھانے سے روکنے کے حکم میں 13 مارچ تک توسیع کردی تھی۔