لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 3 بجے کی بجائے صبح 9 بجے طلب کر لیا گیا، مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس پہلے سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا بعد ازاں سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے رات گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر کے آج صبح 9 بجے بلا لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستیں: لاہور ہائیکورٹ میں اعتراض کیساتھ درخواست سماعت کیلئے مقرر
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نئے وقت کے مطابق اجلاس طلب کرنے کا دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور آج ہی درخواست پر سماعت بھی ہو رہی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کے موقع پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر رانا آفتاب نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ پر منتخب خواتین کو حلف اٹھانے سے روکیں گے، صدارتی الیکشن کے موقع پر کسی اجنبی کو ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔