اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس میں رشتہ داروں کو نوازا نہیں جاتا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی، ہم آگ کے دریا سے نکل کر آئے ہیں، قتل، دہشت گردی جیسے مقدمات ہمارے خلاف درج کیے گئے، ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو جعلی حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 8 فروری کو ہمیں ملنے والا ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود آج اڈیالہ جیل میں قائد سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، جب تک ملک میں رول آف لا نہیں ہوگا معیشت نہیں چلےگی۔
ولید اقبال
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف ولید اقبال نے کہا کہ رول آف لا کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہم ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے، آئین میں سب کو اظہار رائے کا حق ہے۔