مخصوص نشستیں: اعتراض کیساتھ درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 08 March,2024 01:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے سنی اتحاد کونسل کو پنجاب میں مخصوص نشستیں نہ ملنے کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے مصدقہ دستاویزات نہیں لگائیں، سنی اتحاد کونسل کی درخواست قابل سماعت نہیں، جسٹس عابد عزیز شیخ آج سنی اتحاد کونسل کی اعتراض کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔

سنی اتحاد کونسل کی درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ٹریبونل ہے اور نہ ہی عدالت، اسمبلی میں سیٹوں کے تناسب سے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنی چاہیئں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سنی اتحاد کونسل نے الیکشن لڑا یا نہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، الیکشن کمیشن کا عمل آئین میں ترمیم کے مترادف ہے، کمیشن کا فیصلہ اپنے اختیارات سے تجاوز ہے، عدالت الیکشن ایکٹ کا سیکشن 104، رول 94 خلاف آئین قرار دے۔