اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین نے اپنی ذہانت اور قابلیت سے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا، قوم کی عظیم بیٹیوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
خاتون پاکستان ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کا آج عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ہونہار طلبا کو وظائف دیئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان
انہوں نے کہا کہ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے ہزاروں طلبا کو فنی تربیت فراہم کی گئی، ہمیں اپنے بچوں کو ووکیشنل ٹریننگ، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں تربیت دینی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے اقدامات کرے گی۔