اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
سندھ ہاؤس میں ہونے والے عشائیے میں صدارتی امیدوار آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، وزیر اعظم شہباز شریف کی عشائیے میں آمد پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
عشائیے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے آصف زرداری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مل کر آصف علی زرداری کو ایک مرتبہ پھر صدر مملکت منتخب کروائیں گے۔
قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی اور صدارتی انتخاب میں تعاون کی درخواست کی، مولانا فضل الرحمان نے پی پی وفد کو انکار کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی الیکشن میں کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ میری پارٹی کا فیصلہ ہے ہم صدارتی الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے، میں پارٹی فیصلے کا پابند ہوں، محمود اچکزئی کو بھی بتا دیا ہے جے یو آئی کسی کو ووٹ نہیں دے گی۔