کراچی: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے بعد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے بھی آج ہونے والے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
جی ڈی اے رہنما صدر الدین شاہ راشدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن میں جی ڈی اے کسی کو ووٹ نہیں دے گی تاہم تحریک انصاف کے احتجاج کی حمایت اور بھر پور ساتھ دیں گے، جب تک ناجائز حکومت ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے 14 ویں صدر کا انتخاب آج ہو گا، محمود اچکزئی پر آصف زرداری کا پلڑا بھاری
قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی اور صدارتی انتخاب میں تعاون کی درخواست کی، مولانا فضل الرحمان نے پی پی وفد کو انکار کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی الیکشن میں کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ میری پارٹی کا فیصلہ ہے ہم صدارتی الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے، میں پارٹی فیصلے کا پابند ہوں، محمود اچکزئی کو بھی بتا دیا ہے جے یو آئی کسی کو ووٹ نہیں دے گی۔