پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیرقانونی مقدمات بنائے گئے، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں، افسوس آصف علی زرداری ملک کا صدر بن گیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ افسوس شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی وہ آج ملک کا وزیراعظم ہے، بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل اور جلد رہا کیا جائے، سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، سائفر سازش کے پیچھے آلہ کار ایک دن سامنے آئیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سائفرکیس پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، مینڈیٹ چوری کے خلاف ایک کمیشن بنایا جائے، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف کا مینڈیٹ واپس دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو آئین توڑنے والے نظر نہیں آرہے؟
انہوں نے کہا کہ افسوس ڈھٹائی کے ساتھ ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، اپنا حق ملنے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم ایک ٹیم بن کر کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کوایک مثالی صوبہ بنائیں گے، خیبرپختونخوا میں امن لائیں گے، اسی جنون کے ساتھ ہم اپنا حق بھی لیں گے، وزیراعلیٰ نے ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کے نعرے بازی بھی کی۔