کوئٹہ: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کی جانب سے بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔
پی ڈی ایم کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 4 بچے، 3 مرد اور 1 خاتون شامل ہے، جاں بحق افراد کا تعلق خاران، کیچ، بارکھان اور پشین سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 258 مکانات مکمل تباہ، 1ہزار 40 کو جزوی نقصان پہنچا، حالیہ بارشوں کے دوران 4 سڑکیں مکمل تباہ اور ایک پل سیلابی ریلے کی نظر ہوگیا، موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوئیں۔
مزید بتایا گیا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، گوادر سمیت دیگر متاثرہ اضلاع میں پاک فوج، نیوی، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں خوراک، خیمے، ڈی واٹر پمپس، واٹر کولرز، گیس سلنڈرز سمیت دیگر امدادی سامان پہنچا دیا ہے۔