پشاور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اختیار ولی خان نے کہا کہ شیرافضل نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کی درست نشاندہی کی، خیرمقدم کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیارولی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کا بانجھ عمل تیز کرنا نا گزیر ہے، گزشتہ پی ٹی آئی حکومتوں میں وزیر رہنے والوں نے فائیو سٹار ہوٹل خرید لیے، کچھ وزیروں نے ہسپتال اور فارمیسیز خرید لیں۔
اختیار ولی نے کہا کہ صحت کارڈ میں عوام کی آنکھوں میں سرمہ ڈال کر کھربوں روپے کی کرپشن کی گئی، ایک ایک مریض کے ایک ہی ہفتے میں ایک ہی بیماری کے 20، 20 آپریشن کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا ڈیٹا وصول کر کے بیرون ملک سے انہی مریضوں کو الیکشن سے پہلے ٹیلی فون کالز کی گئیں کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دیا تو آپ کا صحت کارڈ ناکارہ ہو جائیگا۔
اختیار ولی نے کہا کہ یہ کالز انڈیا، اسرائیل افغانستان اور امریکہ میں بیٹھے سوشل میڈیا ڈیسک سے کئے گئے، خیبرپختونخوا میں بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سابق وزراء اعلیٰ اور صوبائی وزرا سر سے پیروں تک کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں۔