لاہور: (دنیا نیوز) عید کی آمد کے پیش نظر پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کی کراچی اور کوئٹہ جانے والی تمام ٹرینوں کی عید تک 100 فیصد بکنگ مکمل ہو گئی، سیٹوں کی بکنگ نہ ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عید کے موقع پر ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے 4 سپیشل ٹرینیں بھی چلائی گئی ہیں، کراچی سے آنے اور لاہور سے جانے والی عید سپیشل ٹرینوں کی بھی 100 فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔
ریلوے ذرائع نے بتایا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی عید سپیشل ٹرین کی 70 فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے عید سپیشل ٹرینوں کا شیڈول بھی جاری کردیا جس کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین کراچی سے 7 اپریل کو شام 6 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہو گی اور اگلے روز ایک بجکر 15 منٹ پر مسافروں کو لیکر پشاور کینٹ پہنچے گی۔
دوسری عید سپیشل ٹرین 7 اپریل کو ہی صبح 10 بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی جو اگلے روز 4 بجکر 15 منٹ پر راولپنڈی پہنچنے گی۔
تیسری عید سپیشل ٹرین 8 اپریل کو کراچی سے لاہور کے لئے رات 9 بجے روانہ ہو کر اگلے روز شام 5 بجکر 55 منٹ پر لاہور پہنچے گی، چوتھی عید سپیشل ٹرین 19 اپریل کو لاہور سے کراچی کے لئے شام 5بجے لاہور سے روانہ ہو کر 20اپریل کو دن ایک بجکر 45منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ طور پر ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی، کوچز لگانے کا فیصلہ آخری ایام میں مسافروں کے رش کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا۔