لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے لاہور کیلئے چلنے والی نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا۔
محکمہ ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں کوئٹہ سے کراچی کیلئے بولان ایکسپریس کی بحالی کے افتتاح کے موقع پر 23 مارچ سے لاہور کیلئے نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے محکمہ ریلوے کو نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے تھے۔
تاہم انوار الحق کاکڑ کے سبکدوش ہوتے ہی محکمہ ریلوے نے ان کی ہدایت کو نظر انداز کردیا۔
محکمہ ریلوے کی جانب سے 15 مارچ سے نافذالعمل ہونے والے ٹرینوں کے شیڈول میں نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کو شامل نہیں کیا گیا۔