کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے ایم کیوایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی سمیت سندھ بھرمیں جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، کراچی میں کئی جرائم میں ملوث ملزموں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بعض ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے بھی گئے ہیں، کشمور سے کراچی تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، آج بھی وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی پولیس کشمور میں ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں سے لیکر پکے کے سٹریٹ کرمنلز کیخلاف پولیس، رینجزر سخت کارروائیوں میں مصروف ہے، شہرمیں نفرت کی سیاست کرنے والے صرف اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام سے مخلص نہیں ہیں۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیوایم ایک طرف مقامی اداروں کی مضبوطی اور دوسری جانب وفاق کو صوبہ کنٹرول کرنے کی دعوت دیتی ہے، جب جب ایم کیو ایم والے اندرونی طور پر تقسیم ہوتے ہیں وہ حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔