معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانی اصلاحات کو سراہتے ہیں: امریکا

Published On 17 April,2024 01:49 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اقتصادی اصلاحات کی تعریف کر دی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کو سراہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں کمی کی نوید سنا دی

پریس بریفنگ کے دوران صحافی نے میتھیوملر سے بھارتی وزیر اعظم کے اشتعال انگیز بیانات پر سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ نریندر مودی دوسرے ممالک میں دہشتگردی کے نام پر لوگوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں؟ کیا نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات پر امریکا کو تشویش ہے؟۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر بھارتی وزیر اعظم کی اشتعال انگیزیوں سے متعلق سوالات کا جواب گول کر گئے تاہم انہوں نے یہ کہا کہ نریندر مودی کے بیان کے حوالے سے کوئی بات نہیں کروں گا، پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔