اسلام آباد: (دنیا نیوز) بارش اور برف باری کے بعد ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا۔
ہدایت نامہ کے مطابق انجینئر ریلوے ٹریک کا دورہ کر کے متاثرہ حصوں کی نگرانی جاری رکھیں گے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریلوے مشینری ٹریک کے پاس موجود رہے گی۔
پٹڑیوں میں ڈالنے والے پتھر بھی ٹریک کے قریب رکھے جائیں گے، سیلابی صورتحال میں پانی کو ٹریک پر آنے سے روکنے کیلئے نکاسی کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے سٹاک اور پائلنگ کو مکمل رکھنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ پلوں،عمارتوں کا جائزہ لے کر نقائص کی نشان دہی کی جائے، مسافروں کو موسمیاتی صورتحال سے مکمل آگاہ رکھا جائے۔