کراچی: (دنیا نیوز) تاجروں نے وزیراعظم کو بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی تجویز دیدی۔
عارف حبیب نے وزیراعظم کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ دو ہاتھ اور ملائیں، ایک ہاتھ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں، دوسرا ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں، عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے سٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا، بجلی کی قیمت میں کمی کریں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عہد کرلیں اگلے 5 سال میں برآمدات کو دوگنا کرنا ہے، ہماری توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہئے، تاجر آگے بڑھیں، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں، پالیسی بنانا ہے، تاجر پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، تاجروں کی مشاورت سے پالیسی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق اور صوبوں کومعاشی استحکام کیلئے قریبی تعلق بنانا پڑے گا : وزیراعظم
شہبازشریف نے کہا کہ مشکلات کو چیلنج سمجھ کر ان کا مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کے بہتر مفاد میں اکٹھے ہو جائیں، ہمیں کوئی غرض نہیں کس کی حکومت کہاں ہے؟
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ذاتی پسند نہ پسند سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کا سوچنا ہے، مشکلات ضرور ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پانا ناممکن نہیں، تاجر برادری کے جائز مطالبات پورے کریں گے، سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ٹیکس کیسز میں التوا کا نوٹس، متعلقہ افسران معطل، انکوائری کا حکم
شہباز شریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں اداروں کی نجکاری شفاف انداز میں ہوگی۔
شہباز شریف سے کراچی کی تاجر برادری نے ملاقات کی، مہنگی بجلی سمیت کاروباری مشکلات سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم نے تاجروں کو یکم مئی کو اسلام آباد بلا لیا۔