اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے خواتین ارکان کے خلاف نازیبا جملے کسنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا یہ ایوان خواتین کے خلاف استعمال کئے جانے والے نازیبا جملوں اور لب و لہجے کا نوٹس لے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خواتین ارکان اور سیاسی کارکنوں کا تحفظ ہو۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا یہ ایوان یقینی بنائے کہ خواتین کے خلاف بیانات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا، خواتین کے خلاف اس رویئے سے ان کی سیاست میں جگہ کم ہو رہی ہے، خواتین سیاستدان کے خاندانوں کو ذہنی اور جذباتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ایوان اس ضمن میں تمام اراکین کو پابند کرے اور خلاف ورزی پر کارروائی کرے۔