اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کا عدلیہ میں مبینہ مداخلت کیخلاف لکھے خط سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بینچ آج کرے گا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ دن ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا۔
جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان چھ رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے، سپریم کورٹ ازخودنوٹس کیس میں فریق بننے کی گیارہ مختلف درخواستیں سنے گی، تمام درخواستیں مرکزی کیس کیساتھ سنی جائیں گی۔
پاکستان بار کے نمائندوں، شہباز کھوسہ، اسلام آباد ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ بار کی درخواستیں بھی سنی جائیں گی اس کے علاوہ بلوچستان کی وکلا تنظیموں اور میاں داؤد ایڈووکیٹ کی درخواست بھی سنی جائے گی، درخواستوں میں عدالت سے معاملے کی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔