اسلام آباد: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما پی ٹی آئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ناجائز لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو لوگوں کو سڑکوں پر نکالوں گا۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خیبرپختونخوا میں ناروا لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بہت بڑھ گئی ہے، 18، 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس گرمی میں اس طرح کی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ غلط پراپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے کہ خیبرپختونخوا والے بل نہیں دیتے، خیبرپختونخوا کا دوسرے صوبوں سے موازنہ کیا جائے تو یہاں بل دینے کی شرح زیادہ ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ بجلی چوری ختم ہو اس کے خلاف حکومت کو مکمل کریک ڈاؤن کرنا چاہئے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ لوگوں کو بجلی کی نعمت سے محروم رکھیں، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ناجائز لوڈ شیڈنگ کو فی الفور ختم کیا جائے، بجلی لوڈ شیڈنگ پر اسمبلی میں بھی بات کروں گا، حکام بالا اور خاص کر چیف پیسکو سے کہتا ہوں کہ ایک گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ کرنے کا شیڈول بالکل قبول نہیں ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ بجلی چوری پر ایکشن لیں، پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی، ناجائز لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے، آزاد کشمیر کا کیا حال ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں انارکی پھیلے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں، اگر ہمارا مطالبہ پورا نہیں ہوا تو آگے کا لائحہ عمل دیں گے۔