صحافی کودھمکانے کا کیس : فیصل جاوید کیخلاف مقدمے کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی

Published On 13 May,2024 11:08 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کیخلاف صحافی کو دھمکانے اور جھگڑا کرنے کے مقدمے کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔

فیصل جاوید کیخلاف کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی، فیصل جاوید کے وکیل سردارمصروف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے مؤکل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

عدالت نے فیصل جاوید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اس مقدمے میں صرف ایک ملزم ہے؟

اس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جی بس ایک بندے کے خلاف مقدمہ درج ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ فیصل جاوید کے خلاف صحافی کو دھمکانے، جھگڑا کرنے پر تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج ہے۔

13 مارچ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے صحافی کو دھمکانے، جھگڑنے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینیٹر فیصل جاوید پر فرد جرم عائد کی تھی۔