پی ٹی آئی کا پاک افغان سرحدی علاقوں میں کشیدگی پر اظہار تشویش

Published On 18 May,2024 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دن بدن بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مینڈیٹ سے محروم حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث سرحدی علاقے تناؤ کی لپیٹ میں ہیں، پاک افغان سرحدی علاقوں میں پرتشدد واقعات پر حکومتی خاموشی باعث تشویش ہے، گزشتہ تین روز سے پاک افغان سرحدی علاقوں میں مسلسل گولہ باری کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی حکمران خودمختار خارجہ پالیسی جیسے فیصلے لینے کا اختیار نہیں رکھتے، کرغزستان میں پاکستانی طلباء کو بے یار و مددگار چھوڑنا بھی ناکام خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، غیر منتخب حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کرنے کا سبب بنے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ داخلی عدم استحکام میں اضافہ ملک کو اقتصادی تباہی کی جانب لے جارہا ہے، ریاست اپنی ترجیحات کا محور درست کرکے سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی کا فوری تدارک کرے۔