اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی صاحب نے دلائل دینے ہیں، ریکارڈ ان کے پاس موجود نہیں ہے جس پر جج نے عثمان ریاض گل سے استفسار کیا کہ آپ نے بھی تو دلائل دینے ہیں، اپنے فائنل کرلیں۔
عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ میں اپنے دلائل کے لیے 10 سے 15 منٹ لوں گا۔
جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے کہ ایک بجے تک رضوان عباسی عدالت کے سامنے ہر حال میں اپنے دلائل دیں، ایک بجے تک ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل لازمی دیں۔
بعدازاں عدالت نے آج عدت نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کیس کی سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ کردیا۔