کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کراچی سمیت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، آئی جی سندھ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، آئینی درخواست ہائی کورٹ بار کے صدر ریحان عزیز ملک، جنرل سیکرٹری سرفراز میتھلو اور دیگر نے دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کراچی میں سٹریٹ کریمنلز دندناتے پھر رہے ہیں، کندھ کوٹ کشمور کچے کے ڈاکوؤں کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، موبائل فونز اور گاڑیاں چھینی جارہی ہیں، اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ مدعا علیہان کو سٹریٹ کریمنلز کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا جائے، مسلح ڈکیتیوں، اغواء برائے تاوان، موبائل فونز اور گاڑیاں چھیننے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، کراچی، کندھ کوٹ، کشمور، سکھر اور گھوٹکی کے رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی امن و امان قائم کرنے میں ناکام رہنے پر پولیس اور دیگر اداروں کے خلاف انکوائری کرائی جائے، آئینی درخواست کی سماعت پیر کو متوقع ہے۔