اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا سنگل ونڈو کا نظام ہمارے لئے مشعل راہ ہے، کاروبار میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا موجود ہونا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان سنگل ونڈو کمپنی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی طرز پر آپریشنز کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اجلاس کے شرکا کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سنگل ونڈو کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے ملک کی 65 فیصد تجارت مستفید ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 11 حکومتی ادارے اور 29 بینکس پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ منسلک ہیں، پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل اور سسٹین ایبل ٹریڈ فیسیلی ٹیشن سروے 2022 گلوبل سروے میں درجہ بندی خطے کے ممالک میں بہترین رہی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔